شعبہ اکنامکس کے طلباء کابین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینا نہ صرف پنجاب یونیورسٹی بلکہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ شعبہ اکنامکس کے طلباء کابین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دینا نہ صرف پنجاب یونیورسٹی بلکہ پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔وہ پنجاب یونیورسٹی سکول آف اکنامکس کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل لاہورمیں منعقدہ ایلومینائی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔
اس موقع پر پنجاب یونیورسٹی ڈین فیکلٹی آف بزنس، اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری،ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد، چوہدری محمد شفیق، چوہدری محمد سلیم ،فیکلٹی ممبران، شعبہ اکنامکس کے سابق و موجودہ طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے سابق طلباء کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے تقریب پرمنتظمین کو مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن ہے کہ یونیورسٹی کا کوئی طالب علم فیس کی وجہ سے تعلیم ادھوری نہ چھوڑے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اس خطے میں 141 برس سے علم کی شمع روشن کیے ہوئے ہے اورمحدود وسائل میں بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی لوئر مڈل کلاس کے طلباء کو سپورٹ کرتی ہے اور کامیاب ہو کر وہ اپنی فیملی کو سپورٹ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری کی سربراہی میں شعبہ اکنامکس ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی ایسوسی ایشن کی ترقی کے لئے آپ سب سے تعاون کی درخواست ہے۔
ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود کاسکول آف اکنامکس کی ترقی کے لئے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ اکنامکس نے پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار کیو ایس رینکنگ میں جگہ بنائی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء بین الاقوامی سطح پرملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول آف اکنامکس کی نئی عمارت میں ایلومینائی اپنے نام سے منسوب کلاس روم وغیرہ کے لیے تعاون کریں۔ بعد ازاں معزز مہمانوں کو سووینئرز پیش کئے گیے










