خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے امور ضم اضلاع،صنعت وحرفت اور فنی تعلیم ڈاکٹر عامرنے اپنے ضم اضلاع کے دورے کے دوران ضلع جنوبی وزیرستان لوئر میں قبائلی جرگہ اور اہم سرکاری اجلاسوں میں شرکت کے علاوہ ضلع کے مختلف سرکاری و تعلیمی اداروں کا تفصیلی دورہ کیا۔ نگران وزیر کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اورڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انھوں نے اس سلسلے میں گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ جنوبی وزیرستان لوئر کا دورہ کیا اور وہاں پر فنی تربیتی سرگرمیوں کاجائزہ لیا۔ نگران وزیر نے انسٹیٹیوٹ میں صفائی کی ناقص صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے متعلقہ حکام کو ایک ہفتے کے اندر اندر صفائی وستھرائی کا مناسب بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔
نگران وزیر کے دورے کے دوران آئی جی ایف سے بھی ان کی ملاقات ہوئی اور ان کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں نگران وزیر کو ضلع میں امن و امان ودیگر متعلقہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
نگران وزیر کو ڈی پی او اور محکمہ پولیس کے افسران نے بھی ملاقات کے دوران محکمہ پولیس کے امور کے حوالے سے بریف کیا۔ ضلع کے دوروزہ دورہ کی مصروفیات کے دوران نگران وزیر نے شولام ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
نگران وزیر نے اس دوران ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی و ابترحالات اور ناقص صفائی کا نوٹس لیتے ہوئے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ مذکورہ ہسپتال کو درکار فنڈ جلد ملیں گے۔
نگران وزیر اس دوران ایگریکلچر پارک بھی گئے جبکہ وزیرستان کی معروف دینی درسگاہ جامعہ دارلعلوم وزیرستان جاکر وہاں پر دینی اور عصری علوم کی تدریسی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔انھوں نے اس موقع پر ادارے کے مہتمم اور قبائلی رہنما مولانا نیک محمد سے بھی ملاقات کی جبکہ نگران وزیر کو ادارے میں دینی وعصری علوم اور پیشہ ورانہ تعلیم کے سلسلے میں فراہم کئے جانے والے کورسز کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔










