لاہور ( 09 مارچ2024ء) پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیزکے زیر اہتمام فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کا پہلا کانووکیشن منعقد کیا گیا ۔
اس موقع پر قائم مقام ڈین فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اورڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر،چیف ایگزیکٹیو آفیسر /ایم ایس گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر حامد حسن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکیڈمکس گلاب دیوی ایجوکیشنل کمپلیکس عثمان جواد اقبال، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر نے شرکاء کو خوش آمدیدکرتے ہوئے طلباء اور ان کے والدین کواس کامیابی پر مبارکبادپیش کی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ فیکلٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے بیشتر طلباء نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بھی اچھی ملازمتیں حاصل کرلی ہیں جبکہ کچھ طلباء پوسٹ گریجویشن پروگراموں میں داخلہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اس سفر میں گلاب دیوی ٹیچنگ ہسپتال کے تعاون کو سراہا۔
ڈاکٹر حامد حسن نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے پر طلباء اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے پیشہ ورانہ مشورے فراہم کیے۔ انہوں نے پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اخلاقی اقدار کی حساسیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجز کے باوجود پنجاب یونیورسٹی کے تعاون سے مختلف پروگراموں کی کامیابی سے تکمیل کی گئی ۔ پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے کانووکیشن کیلئے مدعو کرنے پر انسٹیٹیوٹ کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کو تعلیم کی اہمیت بارے بتایا ۔
انہوں نے یادگار دن پر طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے فیکلٹی آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے تحت پیش کیے جانے والے ڈگری پروگراموں کی عالمی ڈیمانڈاور اہمیت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور علم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے جدید تکنیکی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔
کانووکیشن میں ڈاکٹر آف فزیو تھراپی، بی ایس اینستھیزیا ٹیکنالوجی، بی ایس میڈیکل لیب ٹیکنالوجی، بی ایس آپٹومیٹری، بی ایس ڈینٹل ٹیکنالوجی، بی ایس آپریشن تھیٹر ٹیکنالوجی، بی ایس کارڈیک پرفیوژن ٹیکنالوجی اور بی ایس میڈیکل امیجنگ ٹیکنالوجی (سیشن 2017-2021) کے طلباء کو ڈگریاں پیش کی گئیں۔










