خضدار (مانیٹر نگ ڈیسک) بلوچستان کے ضلع خضدار میں سلطان ابراہیم روڈ پر دھماکہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی پر کیا گیا، دھماکے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی محمد مراد جاموٹ شہید جبکہ دو راہگیر زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے دھماکا آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا جس میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی مکمل تباہ ہو گئی۔ پولیس کے مطابق پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے خضدار واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم جاری کردیا۔نگراں وزیر اعلیٰ نے پولیس افسر کی شہادت پر تعزیت و اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ پر معمور سکیورٹی فورسز پر حملہ قابل مذمت ہے، واقعہ کی تحقیقات کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔علی مردان ڈومکی نے کہاکہ واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں سی ٹی ڈی ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا۔انوارالحق کاکڑ نے شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو ہر ممکن طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ مزید بر آں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خضدار میں ایس ایچ او سی ٹی ڈی کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی مذمت کی ہے۔بلاول ہاؤس میڈیا سیل سے جاری بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے واقعے میں ایس ایچ او محمد مراد کی شہادت پرافسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے شہید ایس ایچ او محمد مراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہارکیااورکہاکہ قوم کبھی شہید ایس ایچ او محمد مراد کی قربانی کو فراموش نہیں کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بلوچستان پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں لازوال ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیااور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعابھی کی










