ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ اس نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری کے لیے پاکستان کو 25 کروڑ ڈالر قرضے کی منظوری دے دی ہے تاکہ بجلی کی قابل اعتماد فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس منصوبے کا مقصد ملک کو مستحکم نیشنل گرڈ، توانائی کا تحفظ، ماحولیاتی پائیداری کے حصول میں مدد کرنا اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے وافر، قابل اعتماد، صاف اور کم لاگت والی توانائی کی ترسیل کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
یہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہائی وولٹیج ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو وسعت دے کر 500 کلو وولٹ (کے وی) اور 220 کے وی ٹرانسمیشن لائنوں کے لوپ کو بند کرکے اور پرانی ٹرانسمیشن لائنوں کی تبدیلی کے ذریعے لاہور میں ٹرانسمیشن کے نقصانات کم کرکے پاکستان میں بجلی کے ترسیلی نظام کے بہتر انتظام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اس پروجیکٹ کا مقصد ادارہ جاتی، مالیاتی انتظام، آب و ہوا کے لیے لچکدار نظام کی منصوبہ بندی اور آپریشن اور نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی)کی پروجیکٹ مینجمنٹ کی صلاحیت کو بڑھا کر سرکاری اداروں کی ترجیحی حکومتی اصلاحات میں معاونت کرنا ہے۔










