پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کیلئے ن لیگ سے وقت مانگ لیا!

اسلام آباد(18.02.2024) وفاق میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی کمیٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کےلئے مسلم لیگ (ن) سے وقت مانگ لیا،دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس تین گھنٹے تک جاری رہا ۔

ذرائع کے مطابق فریقین کا قابل عمل نکات پر اتفاق رائے ہوگیا ۔ اجلاس سینیٹر اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوا،مذاکرات کا اگلا دوسرکل بروزپیر کو ہوگااب تک کے مذاکرات میں حکومت سازی کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے ۔ دونوں جماعتوں نے کمشنر راولپنڈی کے دھاندلی کے الزامات پربھی اظہار تشویش کیا اور پس پردہ حقائق کو منظر عام پر لانے کےلئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا ۔ذ ر ا ئع کے مطابق جن امور پر حکومت سازی کے حوالے سے اتفاق ہے اس پر آگے بڑھا جائےگا۔

(ن) لیگ ذرائع کے مطابق اعتماد سازی کےلئے طے شدہ نکات پر تحریری معا ہدہ ہوگا۔اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائےگا۔ کمیٹی اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ ایک مضبوط جمہوری حکومت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، مسلم لیگ (ن)کی نمائندگی سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے کی جبکہ پیپلز پارٹی کا وفد سید مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، ندیم افضل چن، نواب ثنا اللہ زہری، شجاع خان اور سردار بہادر خان سیہڑ پر مشتمل تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں